بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ وہ ایک دن اپنے بچوں کے ساتھ پشاور آئیں گے اور اپنے آبائی علاقے کو قریب سے دکھا سکیں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کی ایک پرانی ویڈیو ان دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ ایک تقریب کے دوران شاہ رخ خان کو پاکستان آنے کی دعوت دیتی نظر آتی ہیں۔ ویڈیو میں حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان بھارت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی بے حد مقبول ہیں۔
اس پر شاہ رخ خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان کا تعلق پشاور سے ہے اور ان کے عزیز آج بھی قصہ خوانی بازار کے علاقے میں مقیم ہیں۔ سابق وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ پھر تو شاہ رخ خان کے پاس پشاور آنے کا ایک بہترین جواز موجود ہے۔
شاہ رخ خان نے دعوت قبول کرنے کے انداز میں کہا کہ ’’انشاءاللہ میں ضرور آؤں گا، میں اپنے بچوں کو وہاں لانا چاہتا ہوں اور انہیں اپنا آبائی علاقہ دکھانا چاہتا ہوں، اگرچہ میں خود وہاں پہلے جا چکا ہوں۔‘‘
اداکار نے یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد انہیں 15 سال کی عمر میں پشاور لے گئے تھے اور وہ اگلے سال بھی وہاں گئے، تاہم اس کے بعد ان کے والد کا انتقال ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے والد کے ساتھ گزارے گئے سب سے خوبصورت لمحات پشاور اور سوات میں تھے، جب کہ وہ لاہور اور کراچی سمیت دیگر شہروں میں بھی گئے تھے۔
شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ مستقبل میں وہ اپنے بچوں کے ساتھ دوبارہ پاکستان آئیں گے تاکہ انہیں اپنی جڑوں سے روشناس کرا سکیں۔









