بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے اپنی شادی کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر اہلیہ ٹوئنکل کھنہ کے نام ایک محبت بھرا پیغام جاری کیا، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ اس پوسٹ میں اکشے کمار نے اپنی ساس اور نامور اداکارہ ڈمپل کپاڈیا کی جانب سے شادی کے دن دی گئی ایک یادگار نصیحت کو بھی یاد کیا۔
اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ نے شادی کے 25 سال مکمل کر لیے ہیں۔ دونوں کی شادی کا سفر ایک منفرد انداز میں شروع ہوا تھا، جسے خود اکشے کمار نے ’چٹ منگنی پٹ بیاہ‘ قرار دیا۔ یہ جوڑا 2001 میں ایک سادہ تقریب میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوا تھا، جس میں صرف 50 قریبی مہمانوں نے شرکت کی۔
دیگر بالی ووڈ شادیاں جہاں شاہانہ تقریبات کے لیے جانی جاتی ہیں، وہیں اکشے اور ٹوئنکل کی شادی کا مقام بھی سب سے مختلف تھا۔ یہ تقریب کسی فائیو اسٹار ہوٹل یا ریزورٹ کے بجائے ایک بوتیک میں منعقد کی گئی تھی، جو اس جوڑے کی سادگی اور منفرد سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔
شادی کی 25ویں سالگرہ پر اکشے کمار کی جانب سے شیئر کیا گیا پیغام مداحوں میں بے حد پسند کیا جا رہا ہے، جہاں صارفین اس جوڑے کو بالی ووڈ کے کامیاب اور مضبوط رشتوں میں سے ایک قرار دے رہے ہیں۔









