سونے کی قیمتوں میں تاریخ کی سب سے بڑی کمی، عالمی و مقامی مارکیٹس میں بھاری گراوٹ

عالمی اور مقامی سطح پر سونے کی قیمتوں میں آج تاریخ کی سب سے بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث سرمایہ کاروں اور صارفین میں تشویش پائی جا رہی ہے۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں جمعہ کے روز فی اونس سونے کی قیمت 355 ڈالر کی بھاری کمی کے بعد 5 ہزار 150 ڈالر کی سطح پر آ گئی۔ ماہرین کے مطابق یہ کمی عالمی تاریخ کی سب سے بڑی ایک روزہ گراوٹ قرار دی جا رہی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 35 ہزار 500 روپے کم ہو کر 5 لاکھ 37 ہزار 362 روپے کی سطح پر پہنچ گئی، جبکہ فی 10 گرام سونا 30 ہزار 435 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 60 ہزار 701 روپے کا ہو گیا۔

اسی طرح چاندی کی قیمتوں میں بھی واضح کمی ریکارڈ کی گئی۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 1106 روپے کمی کے بعد 11 ہزار 69 روپے جبکہ فی 10 گرام چاندی 949 روپے کم ہو کر 9 ہزار 489 روپے کی سطح پر آ گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے دن بڑا اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت تقریباً 6 لاکھ روپے تک پہنچ گئی تھی۔

جمعرات کو عالمی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 212 ڈالر اضافے کے ساتھ 5 ہزار 504 ڈالر کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچی تھی، جبکہ مقامی مارکیٹ میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت 21 ہزار 200 روپے اضافے کے بعد 5 لاکھ 72 ہزار 862 روپے کی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں