اسلام آباد:
فارن فنڈنگ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے لیے نئی مشکلات کھڑی ہو گئی ہیں۔ بینکنگ کورٹ اسلام آباد نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کو چالان مکمل کرنے کے لیے دو دن کی مہلت دے دی ہے۔
کیس کی سماعت بینکنگ کورٹ کے جج عبدالغفور کاکڑ نے کی، جب کہ اسپیشل پراسکیوٹر واثق ملک عدالت میں پیش ہوئے۔ دورانِ سماعت جج عبدالغفور کاکڑ نے استفسار کیا کہ اب تک چالان مکمل کیوں نہیں کیا گیا۔
اسپیشل پراسکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ متعلقہ ممالک سے رائے لینے کے لیے خطوط ارسال کیے گئے ہیں، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ کیس 2022 سے زیرِ سماعت ہے اور تفتیش میں سنجیدگی نظر نہیں آ رہی۔
عدالت نے تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کرنے اور ڈی جی ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر طلب کرنے کا عندیہ دیا، تاہم پراسیکیوشن کی استدعا پر عدالت نے فی الحال دو دن کی مہلت دیتے ہوئے کارکردگی دکھانے کی ہدایت کی۔
عدالت نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت 4 فروری تک ملتوی کر دی۔









