اسلام آباد:
پاکستان کی معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر اریکا حق نے سوشل میڈیا پر انفلوئنسر بننے کی خواہشمند نوجوان لڑکیوں کو درپیش خطرات سے خبردار کر دیا ہے۔
ایک انٹرویو میں اریکا حق نے کہا کہ سوشل میڈیا پر قدم رکھتے وقت انتہائی احتیاط ضروری ہے، خاص طور پر اپنی پرائیویسی اور ذاتی حدود کا خیال رکھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہرت حاصل کرنے کی دوڑ میں بعض لڑکیاں حد سے آگے بڑھ جاتی ہیں اور توجہ حاصل کرنے کے لیے دانستہ طور پر اپنی نجی یا متنازع ویڈیوز سامنے لے آتی ہیں، جو بعد میں ان کے لیے سنگین مسائل کا باعث بنتی ہیں۔
اریکا حق کے مطابق ماضی میں جوڑی یا کپل ویڈیوز بنانے کا رجحان عام تھا، جس کے ذریعے کئی افراد نے شہرت حاصل کی، تاہم جب یہ ٹرینڈ ختم ہوا تو کچھ لوگوں نے دوبارہ مشہور ہونے کے لیے متنازع راستے اختیار کرنا شروع کر دیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ رویہ ہر کسی میں نہیں ہوتا، مگر ایسے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنی حدود کا خیال رکھا اور شہرت کے لیے کبھی اپنی نجی زندگی کو استعمال نہیں کیا۔ اریکا کے مطابق سوشل میڈیا پر دیرپا کامیابی کے لیے کردار، وقار اور خودداری کو برقرار رکھنا بے حد ضروری ہے، کیونکہ وقتی شہرت بعد میں مسائل اور پچھتاوے کا سبب بن سکتی ہے۔
سوشل میڈیا کے منفی پہلوؤں پر بات کرتے ہوئے اریکا حق نے بتایا کہ آن لائن تنقید، ٹرولنگ اور نامناسب تبصرے شدید ذہنی دباؤ کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ بھی ایک وقت میں ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کا شکار رہیں، تاہم خاندان اور قریبی دوستوں کی مدد سے اس مشکل مرحلے سے باہر نکل آئیں۔









