ممبئی: بھارت کے معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین اور اداکار ذاکر خان کی اسپتال سے سامنے آنے والی ایک ویڈیو نے مداحوں کو شدید پریشان کر دیا ہے۔ یہ ویڈیو ان کے بھائی اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ارباز خان نے رمضان کے ایک ویلاگ میں شیئر کی ہے۔
بھارتی میڈیا پر زیرِ گردش ویڈیو میں ذاکر خان کو ممبئی کے معروف لیلاوتی اسپتال کے ایک کمرے میں مریضوں کے لباس میں آرام کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ارباز خان نے اپنے ویلاگ میں اسپتال کے کمرے کا دورہ بھی کروایا اور اسے ‘فائیو اسٹار ہوٹل جیسا’ قرار دیا۔
ویلاگ کے دوران ذاکر خان کرکٹ میچ دیکھتے نظر آئے۔ جب ان سے طبیعت کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور فوراً میچ پر توجہ مرکوز کر لی۔ تاہم ان کی اسپتال میں داخلے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی ہے۔
اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔ مداحوں کی بڑی تعداد نے ذاکر خان کی صحت یابی کے لیے سوشل میڈیا پر پوسٹس شیئر کی ہیں۔









