متحدہ عرب امارات میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں تاریخی سطح پر پہنچ گئیں

دبئی، متحدہ عرب امارات – متحدہ عرب امارات میں ایندھن کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمتوں میں 30 فیصد سے زائد اور ڈیزل کی قیمت میں 70 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ اضافہ ملک کی تاریخ میں ایندھن کی بلند ترین قیمتوں کے طور پر سامنے آیا ہے۔

یو اے ای فیول پرائس کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ نرخوں کے مطابق، سپر پیٹرول (98) کی فی لیٹر قیمت 2.59 درہم سے بڑھ کر 3.39 درہم ہوگئی ہے۔ اسپیشل پیٹرول (95) کی فی لیٹر قیمت 2.48 درہم سے بڑھ کر 3.28 درہم جبکہ ای پلس 91 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 2.40 درہم سے بڑھ کر 3.20 درہم ہوگئی ہے۔

سب سے نمایاں اضافہ ڈیزل کی قیمت میں دیکھنے میں آیا، جو 2.72 درہم سے بڑھ کر 4.69 درہم فی لیٹر ہوگیا۔ یہ اضافہ تقریباً 72 فیصد ہے جو عوام کے لیے تشویش کا باعث بن گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور طلب میں اضافہ اس تبدیلی کی بڑی وجوہات ہیں۔ عوام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں اس اضافے سے نقل و حمل، اشیائے خوردونوش اور دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتوں پر بھی براہ راست اثر پڑے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں