اسلام آباد – اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانئ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت پیر تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت نے نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر کے دلائل کے بعد مزید کارروائی کے لیے وقت دیا۔
کیس کی سماعت چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف کی سربراہی میں ہوئی۔ دوران سماعت بانئ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر، نیب اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید اشرف اور رافع مقصود عدالت میں پیش ہوئے۔
نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ سزا معطلی کی درخواستوں کے قابل سماعت ہونے سے متعلق دو متفرق درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپیلوں پر نوٹس کے بغیر سزا معطلی کی درخواستیں نہیں سنی جا سکتیں۔
نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ نیب قانون میں تبدیلی کے بعد اپیلوں پر نوٹس کے بغیر سزا معطلی نہیں سنی جا سکتی۔ انہوں نے عدالت کو تجویز دی کہ اگر درخواست گزار اپیلوں پر دلائل دینا چاہتے ہیں تو آج سے ہی شروع کر دیے جائیں۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانئ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو سزا سنائی گئی تھی، جس کے خلاف انہوں نے ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کی ہوئی ہیں۔









