تہران – اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں ہونے والے ایک حملے میں پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کے انٹیلی جنس ادارے کے سربراہ میجر جنرل مجید خادمی شہید ہو گئے ہیں۔
اسرائیل کے وزیر دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ کارروائی اسرائیلی فوج نے کی، جس کے دوران میجر جنرل خادمی کو نشانہ بنایا گیا۔
ادھر ایران کے سرکاری میڈیا اور پاسدارانِ انقلاب نے بھی اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجید خادمی ایک مشترکہ امریکی اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب کے جاری کردہ بیان کے مطابق، جسے فارس نیوز ایجنسی نے شائع کیا، مجید خادمی گزشتہ تقریباً پانچ دہائیوں سے ایران کے انٹیلی جنس اور سیکیورٹی نظام میں کلیدی کردار ادا کر رہے تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان کی نمازِ جنازہ اور تدفین کے انتظامات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔









