“ہماری انگلی ٹریگر پر”: ایران کی متحدہ عرب امارات اور امریکہ کو دو ٹوک وارننگ

تہران (خصوصی رپورٹ) – ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے اعلیٰ ترین فوجی مشیر میجر جنرل محسن رضائی نے امریکہ اور متحدہ عرب امارات کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکی بحری ناکہ بندی ختم نہ کی گئی تو بحیرہ عمان امریکی فوج کا قبرستان بن سکتا ہے۔

اتوار کے روز سرکاری ٹیلی ویژن سے براہِ راست خطاب کرتے ہوئے محسن رضائی نے امریکی بحری ناکہ بندی کو “جنگی اقدام” قرار دیا اور کہا کہ اس صورتِ حال کا مقابلہ کرنا ایران کا جائز حق ہے۔

“انگلی ٹریگر پر ہے”

تفصیلی گفتگو کے دوران میجر جنرل رضائی نے دو ٹوک لہجے میں کہا: “میں امریکہ کو عسکری مشورہ دیتا ہوں کہ وہ پیچھے ہٹ جائے۔ بحری ناکہ بندی جنگ کا اعلان ہے اور اس کا جواب دینا ہمارا فطری حق ہے۔ اگر ہم نے اب تک صبر کیا ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم نے یہ سب قبول کر لیا ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی مسلح افواج کی انگلی ٹریگر پر ہے، تاہم اس کے ساتھ ساتھ سفارتکاری کا عمل بھی بدستور جاری ہے۔ رضائی نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ عملی طور پر ثابت کرے کہ اس پر اعتماد کیا جا سکتا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے لیے پیغام

علاقائی اتحادیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے رضائی نے کہا کہ تہران، متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات اور خفیہ روابط سے پوری طرح آگاہ ہے۔

انہوں نے کہا: “ہم امارات کو دوستانہ مشورہ دیتے ہیں کہ وہ اسرائیل کی سازشوں میں الجھنے سے گریز کرے۔ انہیں یہ سمجھ لینا چاہیے کہ ایران کے صبر کی بھی ایک حد ہے۔”

تاہم ان کا کہنا تھا کہ تمام تر تحفظات کے باوجود تہران نے ابوظبی کے ساتھ دوستی اور تعلقات کے دروازے بند نہیں کیے ہیں۔

بحریرہ عمان کی ناکہ بندی

واضح رہے کہ 13 اپریل سے امریکہ کی جانب سے آبنائے ہرمز اور بحیرہ عمان میں ایرانی بحری ٹریفک کی ناکہ بندی جاری ہے۔ رضائی کے مطابق اس ناکہ بندی کے باعث نہ صرف ایران بلکہ دنیا کے دیگر ممالک کو بھی نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے خبردار کیا: “جتنا زیادہ ایران کی بحری ناکہ بندی جاری رہے گی، اتنا ہی زیادہ نقصان دنیا کے دیگر ممالک کو بھی پہنچے گا۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں