دانہ سر کے مقام پر خوفناک بس حادثہ، خواتین و بچوں سمیت 40 افراد کی المناک موت

کوئٹہ/ژوب (ویب ڈیسک): بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی سرحد پر واقع دانہ سر کے مقام پر کوئٹہ سے پشاور جانے والی ایک مسافر کوچ گہری کھائی میں گرنے سے 40 مسافر جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع شیرانی کی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئیں، جبکہ خیبر پختونخوا سے بھی ریسکیو اہلکار امدادی کارروائیوں میں شریک ہیں۔ ڈپٹی کمشنر شیرانی حضرت ولی کاکڑ کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے اور جاں بحق افراد کی لاشیں نکالنے کا عمل جاری ہے۔

شیرانی اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ریسکیو آپریشن میں ریسکیو 1122، فرنٹیئر کور (ایف سی)، پولیس اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر حصہ لے رہی ہیں، تاہم دشوار گزار پہاڑی علاقے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

قومی قیادت کا اظہارِ تعزیت:
وزیراعظم شہباز شریف نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھی گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی قیمتی جانوں کے ضیاع پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں