حوثی اکثریتی تنظیم انصار اللّٰہ کے سیاسی بیورو کے عہدیدار نصر الدین امیر نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کے فیصلے ایران کی ہدایات پر نہیں کیے جاتے۔
امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں نصر الدین امیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے خلاف اقدامات کے لیے انہیں ایران سے کسی قسم کے احکامات لینے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ حوثی گروپ کی فوجی کارروائیوں کی بنیاد سعودی عرب کی جانب سے کی جانے والی فوجی مداخلت ہے۔ ان کے مطابق سعودی عرب نے حوثیوں کے زیرِ انتظام علاقوں پر اقتصادی اور فضائی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، جس کے باعث یمن میں دنیا کے بدترین انسانی بحرانوں میں سے ایک نے جنم لیا ہے۔
نصر الدین امیر نے مزید کہا کہ انصار اللّٰہ اپنی پالیسیوں اور فوجی فیصلوں میں خودمختار ہے اور اپنے اقدامات کا فیصلہ اپنے مفادات اور زمینی حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کرتی ہے۔









