وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ الٹی گنتی کرنے والے خود بھی سیدھے ہو جائیں گے اور ان کی گنتی بھی سیدھی ہو جائے گی۔
آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ عوام ہی پاکستان کے اصل مالک ہیں اور ملک کا کوئی ایسا حصہ نہیں جہاں کشمیری اپنی خدمات انجام نہ دے رہے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کشمیریوں کو مکمل حقوق حاصل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے اور دونوں کا باہمی رشتہ اتنا مضبوط ہے کہ کوئی بھی طاقت اسے کمزور نہیں کر سکتی۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے دعویٰ کیا کہ دو روز بعد ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب ہو کر اسمبلی پہنچیں گے۔ ان کے مطابق آزاد کشمیر میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کے لیے پارٹی کو مزید 6 نشستوں کی ضرورت ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے ایکشن کمیٹی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں شامل بہت سے افراد ہمارے بھائی اور محبِ وطن ہیں۔









