بنگلورو: فلیٹ سے ایک سال پرانی خاتون کی باقیات برآمد، تحقیقات شروع

بھارت کے شہر بنگلورو میں ایک رہائشی فلیٹ سے 52 سالہ خاتون دکشائنی کی انسانی باقیات برآمد ہونے کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ابتدائی اندازوں کے مطابق خاتون کی موت تقریباً ایک سال قبل ہوئی، تاہم اس عرصے کے دوران کسی کو بھی فلیٹ میں موجود ان کی لاش کا علم نہ ہو سکا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دکشائنی مبینہ طور پر اکیلی رہتی تھیں۔ ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ شوہر اور بیٹے کے انتقال کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔

رپورٹس کے مطابق دکشائنی کے شوہر امیش کا انتقال تقریباً دس سال قبل ہوا تھا، جبکہ بعد ازاں ان کا بیٹا بھی کینسر کے باعث وفات پا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق گزشتہ تقریباً ایک سال کے دوران دکشائنی کی بیٹی اور داماد نہ تو ان سے ملنے آئے اور نہ ہی ان سے کوئی رابطہ کیا، جس کے باعث واقعہ طویل عرصے تک سامنے نہ آ سکا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے جائے وقوع کا تفصیلی معائنہ کر لیا ہے اور خاتون کی موت کی اصل وجہ اور اس سے متعلق تمام حالات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں