بانیٔ پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کیس: حکومت نے سپریم کورٹ میں نظرِثانی درخواست دوبارہ دائر کر دی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بانیٔ پاکستان تحریکِ انصاف کی شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کے بعد نظرِثانی درخواست دوبارہ دائر کر دی۔

ذرائع کے مطابق درخواست چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسپتال منتقلی کے عدالتی فیصلے میں جیل رولز کو نظر انداز کیا گیا اور اس میں قانونی سقم موجود ہے۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مرکزی کیس میں حکومت کو فریق نہیں بنایا گیا، لہٰذا متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے نظرِثانی کی اجازت دی جائے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو بانیٔ پی ٹی آئی کا مکمل میڈیکل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے انہیں شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، جبکہ 20 اگست کو حکومت کی پہلی نظرِثانی درخواست رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے باعث واپس کر دی گئی تھی۔

دوسری جانب وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب سخت سیکیورٹی میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں نے معائنہ کرنے کے بعد انہیں طبی طور پر صحت مند قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں