پنجاب کے مختلف شہروں میں سائبر بلیک میلنگ کے خلاف کارروائی، 4 ملزمان گرفتار

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے سائبر بلیک میلنگ میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

این سی سی آئی اے کے ڈائریکٹر کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد میں کارروائیوں کے دوران ایسے ملزمان کو حراست میں لیا گیا جو قابلِ اعتراض تصاویر کے ذریعے خواتین کو بلیک میل کرتے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز، واٹس ایپ اکاؤنٹس اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد برآمد کر لیے گئے ہیں۔

لاہور میں ایک ملزم کو خاتون پر شادی کے لیے دباؤ ڈالنے اور تصاویر وائرل کرنے کی دھمکیاں دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، جبکہ گوجرانوالہ میں خاتون کو بلیک میل کر کے 2 لاکھ روپے وصول کرنے والے 2 ملزمان بھی قانون کی گرفت میں آ گئے۔

اسی طرح فیصل آباد میں تصاویر حذف کرنے کے عوض 5 لاکھ روپے بھتہ طلب کرنے والے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں