باجوڑ: خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوان سبحان اللہ نے محدود وسائل کے باوجود مسلسل چھ سال کی محنت کے بعد اپنی مدد آپ کے تحت ایک ہیلی کاپٹر تیار کر لیا۔
سبحان اللہ کو بچپن ہی سے مشینری اور مختلف آلات تیار کرنے کا شوق تھا۔ انہوں نے کم عمری میں موٹر سائیکل مکینک کا کام سیکھا، جس کے بعد مشینوں کے بارے میں ان کی دلچسپی مزید بڑھتی گئی۔
ہیلی کاپٹر کی تیاری کے لیے ضروری پرزہ جات اور دیگر سامان حاصل کرنے کی خاطر انہیں لاہور، تیمرگرہ اور پشاور سمیت مختلف شہروں کا سفر کرنا پڑا۔ محدود مالی وسائل اور مشکلات کے باوجود انہوں نے اپنا کام جاری رکھا اور بالآخر ہیلی کاپٹر تیار کرنے میں کامیاب ہوئے۔
نوجوان کے مطابق 6 ستمبر کو باجوڑ اسپورٹس کمپلیکس میں ہیلی کاپٹر کا آزمائشی مظاہرہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر تجربہ کامیاب رہا تو متعلقہ حکام کی جانب سے اسے اڑانے کی اجازت دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔
سبحان اللہ کا کہنا ہے کہ حکومتی سرپرستی اور تکنیکی تعاون ملنے کی صورت میں وہ مستقبل میں مزید جدید اور بڑے منصوبوں پر کام کر سکتے ہیں۔ ان کے مطابق پہلے ہیلی کاپٹر کی تیاری کے تجربے کے بعد اب وہ اسی نوعیت کا ایک اور ہیلی کاپٹر تقریباً ایک ہفتے میں تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
نوجوان نے بتایا کہ اس پورے سفر میں ان کے اہلخانہ نے بھی بھرپور حوصلہ افزائی اور تعاون کیا۔ سبحان اللہ کا تعلق باجوڑ کے محنت کش طبقے سے ہے اور ان کا خاندان موسم کے دوران پنجاب میں چپل فروخت کرکے روزگار حاصل کرتا ہے۔
محدود وسائل کے باوجود ایک بڑے تکنیکی منصوبے پر کام کرنے والے سبحان اللہ کی کوشش نے مقامی سطح پر لوگوں کی خاص توجہ حاصل کرلی ہے۔









