ماضی کا مقبول ڈرامہ عینک والا جن ایچ ڈی فارمیٹ میں یوٹیوب پر ریلیز

لاہور : (ویب ڈیسک) ماضی کے مقبول ڈرامے’’عینک والا جن‘‘ کو ہائی ڈیفینیشن ویڈیوفارمیٹ میں دوبارہ یوٹیوب پر ریلیز کردیا گیا۔عینک والا جن کو ابتدائی طور پر 1993 سے 1996 کے دوران پی ٹی وی لاہور سینٹر سے نشر کیا گیا تھا جسے بعد ازاں 2005 اور 2008 کے درمیان بھی نشر کیا گیا۔کوہ قاف کے جنوں، پریوں اور جادوگروں کی کہانیوں پر مبنی اس ڈرامے کی ہدایات حفیظ طاہر نے دی تھیں اور اسے زیب شہزاد نے پروڈیوس کیا تھا، یہ ڈرامہ نہ صرف بچوں کو تفریح فراہم کرتا تھا بلکہ اخلاقی درس بھی دیتا تھا۔اس کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ڈرامے کا ریمیک بھی بنایا گیا جسے یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا تھا اور اب پی ٹی وی نے پہلے ہی ڈرامے کو ایچ ڈی فارمیٹ میں یوٹیوب پر دوبارہ ریلیز کر دیا ہے۔پی ٹی وی کی جانب سے اپنے یوٹیوب ڈیجیٹل چینل پر ڈرامے کو دوبارہ ریلیز کیا گیا ہے اور اس کی یومیہ ایک قسط ریلیز کی جاتی ہے، ڈرامے کی یوٹیوب پر دوبارہ واپسی پر بچوں سمیت والدین بھی خوش دکھائی دیتے ہیں جو اپنے بچوں کو اپنے بچپن کا ڈرامہ دیکھتا دیکھ کر خوش ہو رہے ہیں۔یاد رہے کہ عینک والا جن میں کردار ادا کرنے والے متعدد اداکار انتقال کر چکے ہیں، زکوٹا کا کردار ادا کرنے والے اداکار مطلوب الرحمٰن المعروف منا لاہوری فروری 2018 میں انتقال کر گئے تھے، ان سے پہلے بل بتوڑی کا کردار ادا کرنے والی نصرت آرا بیگم اکتوبر 2017 میں انتقال کر گئی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں