معروف پاکستانی میزبان اقرار الحسن کی تیسری اہلیہ عروسا خان کی قرۃ العین اقرار سے محبت اور تعریف پر مبنی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس پر صارفین کی جانب سے دلچسپ اور مزاحیہ ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
نجی ٹی وی کے مقبول پروگرامز ’سرِعام‘ اور ’شانِ رمضان‘ سے شہرت پانے والے اقرار الحسن نہ صرف ٹی وی بلکہ یوٹیوب اور پوڈکاسٹس کے ذریعے بھی خاصی مقبولیت رکھتے ہیں۔ ان کی ذاتی زندگی بالخصوص تین شادیوں کے باعث اکثر خبروں میں رہتی ہے، جبکہ ان کی بیگمات قرۃ العین اقرار، فرح یوسف اور عروسا خان کے درمیان منفرد تعلقات صارفین کی توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں۔
حال ہی میں برطانیہ میں صحافی فرید قریشی کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران عروسا خان نے قرۃ العین اقرار کی کھل کر تعریف کی۔ عروسا خان کا کہنا تھا کہ جب تک وہ صبح قرۃ العین اقرار کو نہ دیکھ لیں، ان کی صبح مکمل نہیں ہوتی۔ انہوں نے قرۃ العین کو ایک بہترین انسان اور بڑی بہن کی مانند قرار دیا جو سب کا خیال رکھتی ہیں۔
اسی گفتگو میں اقرار الحسن نے بھی اپنی پہلی اہلیہ قرۃ العین اقرار کے لیے تعریف کے کلمات ادا کیے اور کہا کہ انہوں نے جس طرح خاندان کو متحد رکھا اور والدہ سمیت تمام اہلِ خانہ کا خیال رکھا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ اقرار الحسن نے اس سب کا کریڈٹ قرۃ العین اقرار کو دیتے ہوئے خاندان کی خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔
اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا کہ دونوں قرۃ العین اقرار سے ڈرتے ہیں، اسی لیے ان کی تعریف کر رہے ہیں، جبکہ ایک اور صارف نے کہا کہ اگر قرۃ العین اجازت دے دیں تو وہ بھی شادی کرنا چاہتے ہیں۔ بعض صارفین نے قرۃ العین اقرار کے صبر، ہمت اور مضبوط شخصیت کو سراہا۔









