امریکی گلوکارہ جینیفر گروٹ کی پُرسوز قرآنی تلاوت نے دنیا بھر کے دل جیت لیے

امریکا سے تعلق رکھنے والی معروف گلوکارہ جینیفر گروٹ ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں، مگر اس بار وجہ ان کی موسیقی نہیں بلکہ ان کی روح کو چھو لینے والی قرآنی تلاوت ہے، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

عرب دنیا میں کلاسیکی عربی موسیقی کی ماہر کے طور پر پہچانی جانے والی جینیفر گروٹ نے اپنی خوبصورت آواز میں قرآنِ پاک کی تلاوت پیش کی، جسے دنیا بھر میں غیر معمولی عقیدت اور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق جینیفر گروٹ نے 2013 میں اسلام قبول کیا تھا، جس کے بعد ان کی زندگی اور فن میں ایک نمایاں تبدیلی آئی۔ اسلام قبول کرنے کے بعد انہوں نے قرآن کی تلاوت سیکھنے پر خصوصی توجہ دی اور اپنی آواز میں قرآنی آیات کی ریکارڈنگ مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر شیئر کرنا شروع کی، جو اب لاکھوں افراد سن رہے ہیں۔

جینیفر گروٹ کو عرب دنیا میں اس وقت بڑی پہچان ملی جب وہ 2013 میں ’عرب گوٹ ٹیلنٹ‘ کے فائنلسٹ کے طور پر سامنے آئیں۔ عربی زبان سے ناواقف ہونے کے باوجود انہوں نے امِ کلثوم جیسے عظیم کلاسیکی عربی گلوکارہ کے گیت نہایت مہارت اور جذبات کے ساتھ پیش کیے، جس پر ججز اور ناظرین حیران رہ گئے۔

آج وہ نہ صرف ایک عالمی فنکارہ ہیں بلکہ ان کی قرآنی تلاوت لاکھوں لوگوں کے دلوں کو سکون بھی پہنچا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں