’ہائی اسکول میوزیکل 3‘ کے اداکار میٹ پروکوپ ٹیکساس میں گرفتار، متعدد سنگین الزامات کا سامنا

ہالی ووڈ فلم ہائی اسکول میوزیکل 3 سے شہرت پانے والے امریکی اداکار میٹ پروکوپ ایک بار پھر قانونی مشکلات میں پھنس گئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 35 سالہ اداکار کو ٹیکساس کے وکٹوریہ کاؤنٹی میں گرفتار کر لیا گیا ہے، جہاں وہ اس وقت بغیر ضمانت کاؤنٹی جیل میں موجود ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اداکار پر بچوں سے متعلق فحش مواد رکھنے سمیت متعدد الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تصدیق کی ہے کہ گرفتاری کے دوران مزاحمت کا الزام بھی ان پر لگایا گیا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ یہ گرفتاری مبینہ طور پر ایک سابقہ کیس میں دی گئی ضمانتی شرائط کی خلاف ورزی کے بعد عمل میں آئی۔ یہ شرائط مئی 2024 میں ہونے والی ایک گرفتاری سے متعلق تھیں، جس میں اداکار پر سنگین حملے اور گرفتاری کے دوران مزاحمت کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ ضمانتی شرائط وہ قواعد ہوتے ہیں جو عدالت ملزم کو ضمانت پر رہائی کے وقت دیتی ہے، اور ان کی خلاف ورزی دوبارہ گرفتاری کا سبب بن سکتی ہے۔ تاہم، میٹ پروکوپ کی جانب سے مبینہ خلاف ورزیوں کی تفصیلات تاحال عوامی طور پر سامنے نہیں آئیں۔

یہ تمام معاملات عدالت میں زیرِ غور ہیں اور اداکار کے قصوروار یا بے قصور ہونے کا فیصلہ عدالتی کارروائی کے بعد ہی ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں