پاکستان ٹیلی ویژن کے خبرنامے سے پہچان بنانے والی سینئر نیوز اینکر اور براڈکاسٹر عشرت فاطمہ کے انتقال سے متعلق گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد اور غلط ہیں۔
عشرت فاطمہ نے ریڈیو پاکستان کے ساتھ اپنی 45 سالہ طویل اور شاندار وابستگی ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے نے میڈیا حلقوں اور ان کے چاہنے والوں کو جذباتی کر دیا ہے، کیونکہ عشرت فاطمہ دہائیوں تک پاکستان میں سنجیدہ، معتبر اور باوقار نیوز ریڈنگ کی علامت سمجھی جاتی رہی ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ریڈیو پاکستان سے اپنے آخری خبرنامے کی ویڈیو شیئر کی، جس میں سامعین سے رخصت لیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی 45 سالہ رفاقت کو الوداع کہہ رہی ہیں۔ عشرت فاطمہ نے ریڈیو پاکستان اور اپنے سامعین کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طویل اور یادگار سفر میں انہیں جو محبت اور اعتماد ملا، وہ اسے ہمیشہ یاد رکھیں گی۔









