نادیہ خان کا بہروز سبزواری کے لباس سے متعلق بیان پر طنز، سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی

پاکستان کی معروف میزبان اور اداکارہ نادیہ خان نے سینئر فنکار بہروز سبزواری کے خواتین کے لباس سے متعلق ماضی میں دیے گئے بیان پر طنزیہ انداز میں گفتگو کرتے ہوئے سب کی توجہ حاصل کر لی۔

حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو کے دوران گفتگو میں یہ موضوع زیرِ بحث آیا، جس پر اسٹوڈیو میں موجود شرکا مسکراتے نظر آئے۔ شو کے دوران اداکارہ عتیقہ اوڈھو ایک ڈرامے میں صبا قمر کے کردار اور ان کے لباس کی تعریف کر رہی تھیں، اسی تسلسل میں انہوں نے نادیہ خان کے لباس کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ملبوسات قدرے زیادہ فِٹ ہونے چاہئیں۔

اس موقع پر نادیہ خان نے برجستہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایسے چُست کپڑے بہروز سبزواری کو پسند نہیں، اسی لیے انہیں خیال رکھنا پڑتا ہے۔ انہوں نے ہنستے ہوئے مزید کہا کہ انہیں سختی سے منع کیا جاتا ہے کہ لباس تنگ نہ ہو، اس لیے انہوں نے احتیاط کی تاکہ کسی کو ناراضی نہ ہو۔

نادیہ خان کا یہ تبصرہ دراصل بہروز سبزواری کے ایک سابقہ انٹرویو کی طرف اشارہ تھا، جس میں انہوں نے خواتین کے تنگ لباس پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔ اس انٹرویو میں بہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ خواتین کے ایسے ملبوسات انہیں اچھے نہیں لگتے اور بعض اوقات موٹر سائیکل پر بیٹھنے والی خواتین کے لباس کو بھی وہ نامناسب قرار دیتے رہے تھے، جسے انہوں نے گھریلو تربیت سے جوڑا تھا۔

ٹی وی شو میں نادیہ خان کے اس طنزیہ جملے نے سوشل میڈیا پر بھی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں صارفین مختلف آرا کا اظہار کرتے ہوئے دونوں فنکاروں کے مؤقف پر تبصرے کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں