بھارتی کھلاڑیوں کے بلے مختلف اور زیادہ طاقتور ہیں، بھانوکا راجاپکسا

سری لنکا کے جارح مزاج بیٹر بھانوکا راجاپکسا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹرز ایسے بلے استعمال کرتے ہیں جو دیگر کھلاڑیوں کے بلوں سے مختلف اور زیادہ طاقتور ہوتے ہیں، جس کے بعد کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو میں راجاپکسا نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کے بلے عام مارکیٹ میں دستیاب بہترین بلوں سے بھی زیادہ پاور فراہم کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب گیند ان بلوں سے ٹکراتی ہے تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے بلے پر ربڑ کی کوئی خاص تہہ موجود ہو جو اضافی طاقت پیدا کرتی ہے۔

راجاپکسا کے مطابق یہ بلے عام کھلاڑیوں کے لیے خریدنا ممکن نہیں اور کرکٹ برادری میں یہ بات مشہور ہے کہ چند مخصوص کھلاڑیوں کو ہی یہ سہولت حاصل ہوتی ہے، جس کی وجہ سے بھارتی بلے باز کم محنت میں بڑے شاٹس کھیلنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔

سری لنکن بیٹر کے اس بیان کے بعد شائقین اور ماہرین کے درمیان بحث کا آغاز ہو گیا ہے، تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) یا کسی بھارتی کھلاڑی کی جانب سے تاحال اس دعوے پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں