کوئٹہ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر کوئٹہ پہنچ گئیں، جہاں ان کا کوئٹہ ایئرپورٹ پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے صوبائی وزراء کے ہمراہ پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں وہ گورنر ہاؤس روانہ ہو گئیں۔
دورے کے دوران مریم نواز نے ایف سی ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی، جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب حالیہ دہشت گرد حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گی اور ان سے اظہارِ یکجہتی کریں گی۔ گورنر ہاؤس میں کابینہ اراکین کے ساتھ بلوچستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی مشاورت متوقع ہے۔
مریم نواز کے ہمراہ صوبائی وزراء مریم اورنگزیب، عظمیٰ بخاری اور چیف سیکرٹری پنجاب بھی موجود ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ دورہ بلوچستان کی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔









