رمضان ریلیف پیکج 2026: 38 ارب روپے مختص، فی خاندان 13 ہزار روپے دینے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکج 2026 کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستحق خاندانوں کو اس سال 13 ہزار روپے فی خاندان فراہم کیے جائیں گے، جبکہ پیکج کا مجموعی حجم 38 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال رمضان کے دوران 20 ارب روپے کے پیکج کے تحت مستحقین کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے رقم فراہم کی گئی تھی، تاہم اس سال مہنگائی کے پیش نظر امدادی رقم اور مجموعی فنڈز میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور دیگر علاقوں میں رقم شفاف نظام کے تحت تقسیم کی جائے گی تاکہ امداد صرف حقیقی مستحقین تک پہنچے۔ وزیراعظم کے مطابق ہر خاندان کو 13 ہزار روپے براہ راست فراہم کیے جائیں گے۔

تقریب کے دوران بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے سیکرٹری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ برس 2025 میں رمضان پیکج کے تحت 5 ہزار روپے فی خاندان دیے گئے تھے، جبکہ اس سال رقم بڑھا کر 13 ہزار روپے کردی گئی ہے۔ امدادی رقم مستحق افراد کو براہ راست بینکوں کے ذریعے منتقل کی جائے گی تاکہ شفافیت اور عزتِ نفس کا خیال رکھا جا سکے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ وزرا پر مشتمل ایک کمیٹی رمضان پیکج کے تمام مراحل کی نگرانی کرے گی جبکہ وزیراعظم خود بھی اس نظام کی مانیٹرنگ کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں