راجپال یادو کی مالی مشکلات: کم تعلیم بڑی غلطی بن گئی‘

بھارت کے نامور فلمساز پریادرشن نے جیل میں قید اداکار راجپال یادو کی مالی مشکلات پر کھل کر بات کرتے ہوئے انڈسٹری سے ان کی مدد کی اپیل کر دی۔

’ہیرا پھیری‘، ’چھپ چھپ کے‘، ’ڈھول‘، ’ہلچل‘، ’بھول بھلیاں‘، ’دے دنا دن‘ اور ’کھٹا میٹھا‘ جیسی کامیڈی فلمیں بنانے والے پریادرشن نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ راجپال یادو کم تعلیم کی وجہ سے ایک بڑی غلطی کر بیٹھے، جس کے باعث انہیں قانونی مسائل اور جیل کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ 20 برسوں سے راجپال یادو کو جانتے ہیں اور ان کے مسائل سے بخوبی آگاہ تھے، اسی لیے اپنی فلموں اور اشتہارات میں بھی انہیں مواقع فراہم کرتے رہے۔ پریادرشن نے بتایا کہ انہوں نے اپنی آئندہ فلم کے پروڈیوسرز سے درخواست کی ہے کہ راجپال کو ان کی معمول کی فیس سے زیادہ معاوضہ دیا جائے، جسے پروڈیوسرز نے قبول کر لیا ہے۔

دونوں فنکاروں نے ماضی میں متعدد کامیاب فلموں میں ایک ساتھ کام کیا، جس کے باعث ان کے درمیان مضبوط پیشہ ورانہ تعلق قائم ہوا۔

واضح رہے کہ پریادرشن اس وقت اپنی آنے والی کامیڈی ہارر فلم ’بھوت بنگلا‘ کی پوسٹ پروڈکشن میں مصروف ہیں۔ فلم میں اکشے کمار، راجپال یادو، تبو اور وامیکا گبی اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ فلم 10 اپریل 2026 کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں