اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کی میڈیکل رپورٹ جاری، بینائی میں واضح بہتری

ڈاکٹر ندیم قریشی اور ڈاکٹر عارف پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں سے متعلق تفصیلی رپورٹ تیار کر لی۔

رپورٹ کے مطابق بائیں آنکھ کی بصارت گلاسز کے ساتھ 6/6 ہے جبکہ دائیں آنکھ کی بصارت 6/9 ریکارڈ کی گئی۔ دونوں آنکھوں کا اگلا حصہ نارمل اور قرنیہ صاف پائی گئی۔

میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا کہ دائیں آنکھ میں کنارے پر ہلکا اندرونی خون رساؤ دیکھا گیا جبکہ چاروں حصوں میں درمیانے درجے کا ریٹینا میں خون رساؤ موجود تھا۔ تاہم دائیں آنکھ کی میکولا کی سوجن واضح طور پر کم ہو رہی ہے اور اس میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق میکولا کی موٹائی 550 سے کم ہو کر 350 ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ آنکھ کی بینائی 6/36 سے بہتر ہو کر 6/9 جزوی تک پہنچ گئی ہے۔ رپورٹ میں دی جانے والی ادویات اور جاری علاج کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔

میڈیکل بورڈ نے اینٹی VEGF علاج مکمل ہونے کے بعد OCT اینجیوگرافی اور FFA ٹیسٹ کروانے کی تجویز دی ہے۔

فالو اپ وزٹ کے دوران گوہر علی خان اور راجہ ناصر عباس جعفری کو پمز میں بریفنگ دی گئی۔ میٹنگ کا دورانیہ تقریباً ایک گھنٹہ بیس منٹ رہا۔

رپورٹ کے مطابق بانی کے ذاتی معالجین ڈاکٹر عاصم یوسف اور ڈاکٹر خرم مرزا کو بھی فون کے ذریعے مکمل آگاہ کیا گیا اور انہوں نے جاری علاج پر اطمینان کا اظہار کیا۔ رپورٹ میں بانی کو اسپتال منتقل کرنے کا کوئی ذکر شامل نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں