بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن: 5 دہشت گرد ہلاک، لیفٹیننٹ کرنل سمیت 2 جوان شہید

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے اپنے قافلے پر ہونے والا خودکش حملہ ناکام بناتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، تاہم اس کارروائی کے دوران لیفٹیننٹ کرنل سمیت دو جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ پاک فوج کے ذیلی ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق 21 فروری کو ضلع بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن خوارج عناصر کی موجودگی اور خودکش حملے کی اطلاع پر کیا گیا تھا۔

بیان کے مطابق بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ ایک بارود سے بھری گاڑی پر سوار خودکش بمبار کو اگلے دستے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے روک دیا اور اس کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔ دہشت گردوں کا مقصد بنوں شہر میں معصوم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو نشانہ بنانا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا سراغ لگا کر شدید فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ تاہم دہشت گردوں کی بارودی مواد سے بھری گاڑی سیکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اپنی جرات مندانہ قیادت کے باعث معروف تھے اور اگلے مورچوں سے دستوں کی قیادت کر رہے تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ خوارج عناصر ماہِ رمضان کے مقدس مہینے کا تقدس پامال کرتے ہوئے افغان سرزمین استعمال کر کے پاکستان میں دہشت گرد کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ عناصر اسلام کے نام کو بدنام کر رہے ہیں اور افغان طالبان حکومت دہشت گردوں کو اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔

ادارے نے مزید کہا کہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی اور شہداء کی قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

صدر، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی مذمت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کا سرمایہ ہیں۔ انہوں نے اہلِ خانہ سے تعزیت اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز نے جان کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے، قوم ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں