وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں رمضان نگہبان پیکج کی تقسیم کامیابی سے جاری ہے اور مستحق افراد کو میرٹ کی بنیاد پر امداد ان کی دہلیز تک پہنچائی جا رہی ہے۔
میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جامع سروے مکمل کر کے ہر شہری کا ڈیجیٹل ڈیٹا اکٹھا کیا، جس کے تحت 42 لاکھ خاندانوں کو رمضان نگہبان کارڈ جاری کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسیحی برادری کے لیے بھی الگ سے امدادی رقم مختص کی گئی ہے اور یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا رمضان پیکج ہے۔
عظمیٰ بخاری نے خیبر پختونخوا حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہاں ابھی تک رمضان پیکج کا اعلان بھی نہیں کیا جا سکا۔ ان کے مطابق گزشتہ سال کے پی میں پیکج اراکین اسمبلی کی فہرستوں کے تحت تقسیم کیا گیا، جبکہ پنجاب میں شفاف سروے کے ذریعے مستحقین کا تعین کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے عوامی خدمت کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے اور رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔








