ہالی ووڈ اور بالی ووڈ میں اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والی پریانکا چوپڑا نے ایک طویل عرصے بعد بالی ووڈ چھوڑنے کی اصل وجہ بتائی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، ایک حالیہ انٹرویو میں پریانکا چوپڑا نے کہا کہ وہ کبھی بھی بالی ووڈ چھوڑنے کا ارادہ نہیں رکھتی تھیں، لیکن بھارتی فلم انڈسٹری میں محدود مواقع اور دباؤ کی وجہ سے انہیں بیرون ملک کام کے مواقع تلاش کرنے پڑے۔
اداکارہ نے وضاحت کی کہ ان کا یہ فیصلہ صرف اس بنیاد پر کیا گیا کہ بھارت میں دستیاب پروجیکٹس میں وہ اپنے فن کا بھرپور اظہار نہیں کر پارہی تھیں، جبکہ ہالی ووڈ اور دیگر بین الاقوامی مواقع انہیں فنکار کے طور پر مزید دلچسپ تجربات فراہم کر رہے تھے۔
پریانکا چوپڑا نے کہا:
“میرے خیال میں میں کبھی بالی ووڈ چھوڑنا نہیں چاہتی تھی، لیکن مجھے کئی وجوہات کی بنا پر ہندی فلموں میں محدود محسوس ہو رہا تھا اور مجھے دباؤ میں لایا جا رہا تھا۔ آخرکار میں ایسے مواقع تلاش کرنے لگی جو میرے لیے دلچسپ ہوں، اور اس کے بعد میں امریکا میں کام کرنے لگی۔”
اداکارہ اس وقت بھارت میں راجامولی کے پروجیکٹ کی شوٹنگ کر رہی ہیں جبکہ اپنی تازہ ترین فلم ’دی بلف‘ کو نیویارک میں پروموٹ کر رہی ہیں۔ 43 سالہ اداکارہ نے خوشی کا اظہار کیا کہ انہیں انتخاب کی آزادی حاصل ہے اور وہ بھارت واپس آ کر کام کرنے سے لطف اندوز ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا:
“میں واقعی خوش ہوں کہ دوبارہ بھارت میں وارناسی میں کام کر رہی ہوں۔ میں نہیں چاہوں گی کہ مجھے دونوں کے درمیان انتخاب کرنا پڑے کیوں کہ مجھے دونوں انڈسٹریز میں کام کرنے کا لطف آتا ہے۔ وہ کئی لحاظ سے مختلف ہیں، بالکل جیسا کہ ثقافتیں مختلف ہیں۔”








