ہٹ دھرمی سے معاملات حل نہیں ہوں گے، جمہوریت مذاکرات سے آگے بڑھتی ہے: رانا ثنا اللہ

اسلام آباد:
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر کوئی ہٹ دھرمی پر اڑا ہو اور کسی بات کو ماننے کے لیے تیار نہ ہو تو پھر معاملات کیسے آگے بڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں نے ماضی میں میثاق جمہوریت کیا تھا، تاہم بعض رہنماؤں نے کئی برس تک یہ مؤقف اپنائے رکھا کہ وہ کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے عمران خان کی صحت کے معاملے پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی معلومات کے مطابق ڈاکٹر ندیم قریشی کو عمران خان کے مطالبے پر میڈیکل بورڈ میں شامل کیا گیا۔ ڈاکٹرز نے مکمل معائنہ کیا اور رپورٹ میں علاج کو درست قرار دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ گوہر خان کو بھی شرکت کی درخواست کی گئی تھی مگر انہوں نے انکار کر دیا۔ سپریم کورٹ میں مزید کسی مطالبے کو یا تو پیش نہیں کیا گیا یا اسے تسلیم نہیں کیا گیا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ معائنہ ہو چکا ہے اور ڈاکٹرز نے علاج کو درست قرار دیا ہے، اس لیے اس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت نے ہمیشہ مفاہمت اور بات چیت کی کوشش کی، حتیٰ کہ اس وقت بھی جب مخالف جماعت اقتدار میں تھی۔ “ہم ملک کی بہتری کے لیے آپ کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ آپ پارلیمنٹ کا حصہ بنیں، کمیٹیوں میں شریک ہوں اور میثاق جمہوریت کو مضبوط کریں، مگر آپ سیاسی عمل کا حصہ بننے سے انکار کر رہے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ آپ بھی ان کمیٹیوں کا حصہ رہے ہیں جن میں سینئر اراکین شامل تھے، مگر بعض مواقع پر یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ ہمیں حکم آ گیا ہے۔ کیسز کے معاملے پر بھی اختلاف رائے موجود ہے، تاہم عدالتوں سے ہی ریلیف لینا ہوگا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جو آپ سے بات کرنا چاہتے ہیں، آپ ان سے مذاکرات نہیں کرتے، اور جو مذاکرات نہیں کرنا چاہتے، انہیں درخواستیں دی جاتی ہیں۔ “ہم جمہوری انداز میں معاملات کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہیں، کیونکہ جمہوریت ڈیڈلاک سے نہیں بلکہ مذاکرات سے آگے بڑھتی ہے۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں