کراچی/اسلام آباد:
پاکستان اور International Monetary Fund (آئی ایم ایف) مشن کے درمیان تیسرے ششماہی اقتصادی جائزے کے سلسلے میں مذاکرات دوسرے روز بھی جاری رہے۔ آئی ایم ایف کی ٹیم کراچی میں دوسرے روز بھی اسٹیٹ بینک حکام کے ساتھ تکنیکی سطح کے مذاکرات میں مصروف رہی۔
ذرائع کے مطابق وفد کے ساتھ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے لیے شیئر کیے گئے معاشی اعداد و شمار پر تفصیلی بات چیت کی جا رہی ہے۔ آئی ایم ایف وفد کا جمعہ تک اہم اجلاس شیڈول ہے جبکہ اسٹیٹ بینک حکام کی جانب سے وفد کو بریفنگ بھی دی گئی۔
آئی ایم ایف وفد کی آج اور کل مزید اہم ملاقاتیں بھی طے ہیں۔ وفد آج اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس کے عہدیداران سے ملاقات کرے گا جبکہ جمعہ کو Pakistan Business Council کے نمائندوں سے مشاورت کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد ہفتے کو اسلام آباد روانہ ہوگا۔ وفد توسیع فنڈ سہولت پروگرام کے تحت تیسرے اقتصادی جائزے کے لیے پاکستان آیا ہے۔
پیر سے اسلام آباد میں آئی ایم ایف وفد اور وزارت خزانہ کے حکام کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات کا باقاعدہ آغاز ہوگا، جہاں آئندہ مالی اہداف اور اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔









