اسلام آباد:
ملک میں 10 روپے کا نوٹ مرحلہ وار ختم کرنے سے متعلق حکومتی کمیٹی کی رپورٹ سامنے آ گئی ہے۔ وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم اعلیٰ سطحی کمیٹی نے کرنسی مینجمنٹ رپورٹ کابینہ کو بھجوا دی ہے۔
یہ رپورٹ State Bank of Pakistan اور Security Printing Corporation of Pakistan کے قوانین کے تحت مرتب کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق 10 روپے کے کرنسی نوٹ کی اوسط عمر صرف 6 سے 9 ماہ ہے، جبکہ 10 روپے کے سکے کی اوسط عمر 20 سے 30 سال تک ہوتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملک میں ہر سال چھپنے والے مجموعی نوٹوں کا تقریباً 35 فیصد حصہ 10 روپے کے نوٹ پر مشتمل ہوتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر 10 روپے کا سکہ مکمل طور پر متعارف کرا دیا جائے تو آئندہ 10 برسوں میں کم از کم 40 سے 50 ارب روپے کی بچت ممکن ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ 10 روپے کے نوٹ کی چھپائی، تبدیلی اور انتظامی اخراجات کا تخمینہ سالانہ 8 سے 10 ارب روپے لگایا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ اگرچہ سکے کی تیاری کی ابتدائی لاگت زیادہ ہوتی ہے، تاہم اس کی طویل عمر کے باعث دہائیوں تک دوبارہ تیاری کی ضرورت پیش نہیں آتی، جس سے مجموعی طور پر قومی خزانے پر بوجھ کم ہو سکتا ہے۔









