تہران: ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایران واشنگٹن کے ساتھ کسی قسم کی بات چیت نہیں کرے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں علی لاریجانی نے کہا، “ہم امریکا کے ساتھ مذاکرات نہیں کریں گے۔”
ان کا یہ بیان امریکی اخبار The Wall Street Journal کی ایک رپورٹ کے بعد سامنے آیا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی مبینہ ہلاکت کے بعد لاریجانی نے عمانی ثالثوں کے ذریعے امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کی۔
ایرانی حکام کی جانب سے اس رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایران کی خارجہ پالیسی میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی اور امریکا کے ساتھ مذاکرات کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں۔









