آپریشن “غضب للحق”: افغان طالبان کے 464 کارندے ہلاک، 188 چیک پوسٹیں تباہ کر دیں، عطا تارڑ

اسلام آباد:
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آپریشن غضب للحق کے دوران اب تک افغان طالبان رجیم کے 464 کارندے ہلاک جبکہ 665 سے زائد زخمی کیے جا چکے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں عطا تارڑ نے بتایا کہ پاک فوج نے کارروائیوں کے دوران افغان طالبان کی 188 چیک پوسٹیں تباہ کر دیں جبکہ 31 چیک پوسٹوں پر قبضہ بھی کر لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران 192 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور آرٹلری گنز تباہ کی گئیں، جبکہ افغانستان بھر میں 56 مختلف مقامات کو فضائی کارروائیوں کے ذریعے مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

وزیر اطلاعات کے مطابق اس سے قبل افغان طالبان کی جانب سے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں متعدد حملے کیے گئے تھے، جن کے جواب میں پاک فوج کی کارروائی میں 27 حملہ آور ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

اپنے تازہ بیان میں انہوں نے کہا کہ شمالی بلوچستان کے اضلاع قلعہ سیف اللہ، نوشکی اور چمن میں افغان طالبان نے 16 مقامات پر زمینی حملے جبکہ 25 مقامات پر فائر ریڈ کی کارروائیاں کیں، تاہم پاک افواج نے تمام حملے مؤثر انداز میں پسپا کر دیے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مادرِ وطن کا دفاع کرتے ہوئے ایف سی بلوچستان نارتھ کا ایک جوان شہید جبکہ پانچ اہلکار زخمی ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں