صیہونیت انسانیت کیلئے خطرہ ہے، عالم اسلام کو اتحاد کی ضرورت ہے: خواجہ آصف

اسلام آباد:
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ صیہونیت انسانیت کے لیے خطرہ بن چکی ہے اور فلسطین کی سرزمین پر اسرائیل کے قیام کے بعد سے عالم اسلام کو درپیش بیشتر جنگوں اور بحرانوں میں صہیونی نظریے کا براہِ راست یا بالواسطہ کردار نظر آتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ صہیونیت گزشتہ ایک صدی سے عالمی معاشی نظام پر اثر انداز رہی ہے جبکہ بڑی طاقتیں بھی جوہری طاقت کے باعث یرغمال بنی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کی مدد اور پاکستان کی مسلح افواج کی صلاحیتوں کا دنیا بھر میں اعتراف کیا جاتا ہے اور یہی قوت ملکی خودمختاری کے تحفظ کی ضمانت ہے۔ انہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں اور قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی تجربات نے دنیا کو باور کرایا کہ پاکستان ایک مضبوط دفاعی قوت ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے معاہدے کیلئے آمادگی کے باوجود اس پر جنگ مسلط کی گئی، جبکہ اسرائیل کے ایجنڈے میں اپنے اثر و رسوخ کو پاکستان کی سرحدوں تک بڑھانا شامل ہے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ افغانستان، ایران اور بھارت کا مشترکہ ایجنڈا پاکستان سے دشمنی، سرحدوں کو غیر محفوظ بنانا اور ملک کو چاروں طرف سے دباؤ میں لانا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ سیاسی اور مذہبی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر قومی سلامتی کے چیلنجز کو سمجھا جائے۔

اپنے بیان کے اختتام پر انہوں نے عالم اسلام کے اتحاد، فلسطین کی آزادی اور پاکستان کی سلامتی کیلئے دعا بھی کی۔


اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں