اسلام آباد:
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں امت مسلمہ کو باہمی اختلافات بھلا کر متحد ہونا چاہیے اور صہیونیت کے خلاف مشترکہ مؤقف اپنانا ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سمیت دیگر ایرانی شخصیات کی شہادت پر تعزیت کیلئے اسلام آباد میں قائم ایرانی سفارت خانے پہنچے، جہاں انہوں نے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران انہوں نے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔ مولانا فضل الرحمان نے اس واقعے کو ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے امریکا اور اسرائیل کی کارروائیوں کو کھلی بربریت سے تعبیر کیا اور ایران پر ہونے والی جارحیت کی شدید مذمت کی۔
بعد ازاں ایرانی سفیر کے ہمراہ میڈیا سے مشترکہ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو اس نازک صورتحال میں اتحاد و یکجہتی کی اشد ضرورت ہے اور پاکستان سمیت مسلم دنیا کو ایران کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو آپس میں دست و گریباں ہونے کے بجائے صہیونیت کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق صہیونیت اور یورپی اتحاد نے پہلے فلسطین پر قبضہ کیا اور آج بھی وہاں کے عوام شدید تناؤ اور طویل جنگی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔









