مشہور بھارتی یوٹیوبر اور بگ باس 17 کے کنٹسٹنٹ انوراگ دوبھال نے سوشل میڈیا پر ایک تشویشناک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں انہوں نے اپنے والدین پر ہراسانی اور ذہنی دباؤ ڈالنے کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
انوراگ دوبھال نے دو گھنٹے پر مبنی ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ گزشتہ چند ماہ سے اُن کی زندگی مکمل طور پر بدل گئی ہے اور وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والدین نے ان کی شادی قبول نہیں کی اور انہیں اپنے رشتے داروں کے سامنے معافی مانگنے اور والدین کے قدموں میں جھکنے پر مجبور کیا گیا۔
انوراگ دوبھال کے مطابق، انہوں نے اپنی گرل فرینڈ ریتیکا سے تقریباً دو سال کے تعلق کے بعد گزشتہ سال مئی میں شادی کی تھی، لیکن خاندان اس رشتے کے خلاف تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ گزشتہ پانچ دن سے کچھ نہیں کھا رہے اور شدید ڈپریشن کا شکار ہیں۔ انہوں نے اس ویڈیو میں خبردار کیا کہ اگر وہ غائب ہو جاتے ہیں یا کچھ ہوجاتا ہے تو اس کے ذمہ دار والدین اور کچھ قریبی رشتے دار ہوں گے۔
انوراگ دوبھال نے دعویٰ کیا کہ اب ان کی اہلیہ ریتیکا ان سے الگ ہو چکی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، اس معاملے پر فی الحال خاندان یا دیگر متعلقہ افراد کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔









