لاہور/کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف میزبان و اداکار فہد مصطفیٰ اور اداکارہ ثناء جاوید کے درمیان ایک نجی ٹی وی کے گیم شو کے دوران دلچسپ نوک جھونک ہوئی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
وائرل ویڈیو کے مطابق، ثناء جاوید مقابلے کے دوران گیم شو میں اپنی ٹیم کی مدد کر رہی تھیں کہ اچانک انہیں ڈکار آ گئی۔ رمضان المبارک میں تقریباً ایک ماہ کے روزے رکھنے کے بعد ہاضمے کے معمولی مسائل عام ہیں اور اداکارہ کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔
فہد مصطفیٰ، جو شو کے میزبان ہیں، نے یہ بات نوٹ کر لی اور ثناء جاوید کی ٹیم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا: “سب ایک دوسرے سے ایڈریس سمجھ رہے ہو؟ کیا چل رہا ہے؟ مائیک کسی کے بھی ہاتھ میں نہیں ہے۔”
اداکارہ نے ان سوالات کے جواب میں کہا: “ہم لوگ فیصلہ کرنے کے لیے آپس میں بات کر رہے ہیں۔”
جس پر فہد مصطفیٰ نے فوراً کہا: “کیا بات کر رہے ہیں؟ آپ تو ڈکاریں لے رہی ہیں۔”
انہوں نے ہنستے ہوئے مزید کہا: “یار حد ہے، شوبز شخصیات لائیو ٹی وی پر ڈکاریں لے رہی ہیں، افطاریاں پھوڑ کر آئے ہیں اور شو کے دوران ڈکاریں چل رہی ہیں، لیکن یہ قدرتی عمل ہے، کوئی مسئلہ نہیں۔”
فہد مصطفیٰ کے اس مزاحیہ انداز اور ثناء جاوید کی شرمندگی نے شو میں خوب رونق ڈال دی۔ سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو کو خوب شیئر کر رہے ہیں اور فہد مصطفیٰ کے برجستہ انداز کی تعریف کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ فہد مصطفیٰ اور ثناء جاوید دونوں پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات ہیں اور دونوں مداحوں میں یکساں مقبول ہیں۔ اس طرح کی مزاحیہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوتی ہیں اور مداحوں کو اپنے پسندیدہ ستاروں کی ایسی جھلکیاں دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔









