کمزور طبقے کو مزید ریلیف دینے کا عزم شہباز شریف، 60 فیصد سرکاری گاڑیاں بند

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) – وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں معاشی طور پر کمزور طبقے کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں موجودہ ذخائر اور عوامی ریلیف کے اقدامات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم نے حکومتی اخراجات میں کمی، ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی اور 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو فی الفور بند کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں قربانی کا سلسلہ حکومتی اخراجات میں کٹوتی سے شروع کیا گیا ہے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز کو بارہا مسترد کر کے بچت کے اقدامات سے حاصل ہونے والی رقم عوامی ریلیف کے لیے بروئے کار لائی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کمزور اور متوسط طبقے کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت کوشاں ہے۔

اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم کی ایندھن بچت اقدامات پر عملدرآمد اور سادگی مہم کی پیشرفت پر انٹیلی جنس بیورو نے آڈٹ رپورٹ پیش کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی بچت و سادگی مہم پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں اور آئندہ کے لیے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ بڑی گاڑیوں میں ہائی آکٹین ایندھن پر لیوی میں اضافے سے جیٹ فیول کی قیمتوں میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی ریلیف کے اقدامات عام آدمی تک پہنچائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بحران کے باوجود بروقت فیصلوں کی بدولت اللہ کے فضل سے ایندھن کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل نہیں آنے دیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ادویات کا بھی وافر ذخیرہ موجود ہے۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے حوالے سے سفارتی محاذ پر بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں