پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار طلعت حسین کی بیٹی، اداکارہ اور پروفیسر تزئین حسین نے دوسری شادی میں تاخیر کی وجہ بتاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کے موجودہ شوہر نے سوشل میڈیا کے ذریعے بات چیت کا آغاز کیا۔
حال ہی میں اداکارہ نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر کھل کر بات چیت کی اور دوسری شادی میں تاخیر کی وجہ بھی بتائی۔
دورانِ انٹرویو انہوں نے بتایا کہ ان کی اپنے موجودہ شوہر سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کے ذریعے بات چیت کا آغاز ہوا۔ دراصل یہ تعلق ایک قریبی دوست کے ذریعے قائم ہوا، جو چاہتی تھی کہ دو تنہا افراد کو ایک دوسرے سے ملایا جائے۔
تزئین حسین کے مطابق دوسری شادی میں تاخیر کی سب سے بڑی وجہ ذاتی وقت اور خود کو سمجھنے کا عمل تھا۔
انہوں نے کہا کہ تنہائی انسان کو بہت کچھ سکھاتی ہے اور وہ اپنے کردار اور شخصیت کے ایسے پہلوؤں کو بھی سمجھنے لگتا ہے جن پر پہلے غور نہیں کیا گیا ہوتا۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ 5 سال کا یہ وقفہ ان کے لیے خود شناسی کا دور تھا اور اس دوران انہوں نے خود کو ایک نئے انداز سے جانا اور سمجھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اب وہی شخص نہیں رہیں جو اپنی پہلی شادی کے وقت تھیں، بلکہ اب وہ زیادہ مطمئن، پُرسکون اور خود سے آگاہ زندگی گزار رہی ہیں۔
واضح رہے کہ تزئین حسین نے گزشتہ برس اپریل میں عامر سیدین نامی شخص سے دوسری شادی کی تھی۔









