پاکستان شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ دنانیر مبین کو اپنی نئی فلم ’میرا لیاری‘ کی پروموشن کے دوران پہنے گئے ملبوسات پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔
اداکارہ ان دنوں فلم کی تشہیری مہم کے سلسلے میں برطانیہ میں موجود ہیں، جہاں وہ مختلف پروموشنل تقریبات اور میڈیا ایونٹس میں شرکت کر رہی ہیں۔
حال ہی میں ایک پروموشنل تقریب کے دوران دنانیر مبین نے مغربی طرز کا لباس زیب تن کیا، جس میں وہ سرمئی رنگ کی جیکٹ، منی اسکرٹ اور سیاہ رنگ کی ٹائٹس میں نظر آئیں۔
اس سے قبل فلم کے ایک اور تشہیری ایونٹ میں بھی اداکارہ نے منفرد فیشن کا انتخاب کیا تھا، جہاں انہوں نے سفید قمیض کے ساتھ فٹبال تھیم پر مبنی کورسیٹ اور نیلے رنگ کی پینٹ پہن رکھی تھی۔
فلم ’میرا لیاری‘ کی کہانی کراچی کے علاقے لیاری کی خواتین فٹبالرز کے گرد گھومتی ہے، جبکہ دنانیر مبین اس فلم میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔
اداکارہ کے ان ملبوسات پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ کچھ صارفین نے ان کے فیشن سینس کو جدید اور منفرد قرار دیا، جبکہ بعض نے اسے غیر مناسب قرار دیتے ہوئے تنقید کی۔
شوبز حلقوں کے مطابق فلم کی پروموشن کے دوران فنکار اکثر منفرد اور موضوع سے مطابقت رکھنے والے انداز اپناتے ہیں تاکہ توجہ حاصل کی جا سکے۔








