Pakistan اور China کے درمیان اقتصادی تعاون کے ایک نئے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان اربوں ڈالرز مالیت کے اہم تجارتی معاہدوں کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کا 52 رکنی اعلیٰ سطحی کاروباری وفد پاکستان پہنچ گیا ہے، جو 8 سے 14 مئی تک اسلام آباد، لاہور اور کراچی کا دورہ کرے گا۔ یہ وفد مختلف شعبوں میں کاروباری اور حکومتی سطح پر ملاقاتیں کرے گا۔
China-Pakistan Economic Corridor کی کامیابی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے چینی وفد ای کامرس، ٹیلی کام، سولر انرجی، انجینئرنگ، کیمیکل، ٹیکسٹائل اور بلڈنگ میٹیریل کے شعبوں میں اہم بی ٹو بی معاہدے کرے گا۔
کراچی میں ہونے والی ملاقاتوں کے دوران الیکٹرک وہیکل، طبی آلات اور صنعتی مشینری کے شعبوں میں بھی بڑے معاہدوں کی توقع کی جا رہی ہے، جبکہ حکومتی سطح پر جی ٹو جی معاہدوں پر بھی پیش رفت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں ممالک نے تجارت، ڈیجیٹل معیشت اور صنعتی اشتراک کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مشترکہ اکنامک ہیڈکوارٹر قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع اور صنعتی ترقی کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔









