ٹرمپ اور نیتن یاہو سے مشابہت رکھنے والی بھینسیں سوشل میڈیا پر وائرل

ڈھاکہ: بنگلادیش میں عید الاضحیٰ سے قبل دو البینو بھینسیں اپنی منفرد مشابہت کی وجہ سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔ دارالحکومت ڈھاکہ کے قریب نارائن گنج کے علاقے میں واقع فارم پر موجود یہ دو بھینسیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے مشابہت رکھتی ہیں، جنہیں دیکھنے کے لیے روزانہ درجنوں افراد پہنچ رہے ہیں ۔

ان میں سے 700 کلوگرام وزنی بھینس جس کی جلد گلابی اور سر کے بال سنہرے ہیں، دیکھنے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے خاصی مشابہت رکھتی ہے۔ ایک خاتون سیاح نے مقامی اخبار “پروتھوم آلو” کو بتایا کہ “جب میں نے فیس بک پر اس کی تصاویر دیکھیں تو وہ بالکل ڈونلڈ ٹرمپ جیسی لگ رہی تھی۔ اس کے چہرے کی ساخت اور بالوں کا اسٹائل بھی ٹرمپ سے میل کھاتا ہے۔” تاہم انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ “یہ بھینس طبیعت میں بہت پرسکون اور شائستہ ہے، جو یقیناً ڈونلڈ ٹرمپ کی شخصیت سے میل نہیں کھاتی” ۔

بھینس کے مالک ضیا الدین مردھا نے میڈیا کو بتایا کہ یہ بھینس تقریباً 10 ماہ قبل مویشی منڈی سے خریدی گئی تھی۔ ان کے چھوٹے بھائی نے اس کے سر پر سنہرے بال دیکھ کر مذاق میں اس کا نام “ڈونلڈ ٹرمپ” رکھ دیا۔ مالک کے مطابق یہ البینو بھینس عموماً پرسکون ہوتی ہیں اور جب تک انہیں مشتعل نہ کیا جائے، جارحانہ رویہ اختیار نہیں کرتیں ۔ رپورٹس کے مطابق یہ بھینس 550 ٹکا فی کلوگرام کے حساب سے فروخت ہو چکی ہے اور عید سے قبل اپنے نئے مالک کے حوالے کر دی جائے گی ۔

دوسری جانب اسی علاقے میں 750 کلوگرام سے زائد وزنی ایک اور البینو بھینس بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز ہے جس کے بال اور آنکھیں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے مشابہت رکھتی ہیں۔ یہ بھینس اپنے جارحانہ رویے کے لیے مشہور ہے ۔ ایس ایس کیٹل فارم کے مینیجر نے بتایا کہ “نیتن یاہو نامی یہ بھینس بہت شرارتی اور چالاک ہے۔ جب ہم اسے کھانا کھلانے جاتے ہیں تو یہ پھنکارتی ہے اور سینگ مارنے کی کوشش کرتی ہے” ۔

دونوں بھینسیں اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہیں اور عید الاضحیٰ سے قبل لوگوں کی بڑی تعداد ان کی تصاویر لینے اور انہیں قریب سے دیکھنے کے لیے فارم کا رخ کر رہی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں