تہران/مناما (ڈیسک): ایران نے بحرین کو براہِ راست خبردار کیا ہے کہ اگر اسے اشتعال دلایا گیا تو وہ اپنی “پوری قوت” کے ساتھ حملہ کرے گا۔ ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر علی اکبر ولایتی نے ایک بیان میں بحرینی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: “اپنی حدود میں رہیں، اپنی تقدیر سے نہ کھیلیں اور ایران کو سخت فیصلے کرنے پر مجبور نہ کریں۔”
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران نے گزشتہ جمعے اور ہفتے کو بحرین میں قائم امریکی بحریہ کے اڈے کو نشانہ بنایا، جو مبینہ طور پر ایران پر امریکی حملوں کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔ ایران کا مؤقف ہے کہ خطے میں موجود تمام امریکی فوجی تنصیبات اس کی سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں۔
دوسری طرف خلیجی ممالک نے ایران کے اس دعوے اور اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔ بحرین نے کہا ہے کہ یہ حملے اس کی خود مختاری کی صریح خلاف ورزی ہیں اور ایسے اقدامات خطے میں کشیدگی کم کرنے اور استحکام کے امکانات کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔ خلیجی تعاون کونسل (GCC) کے ذرائع کے مطابق رکن ممالک اس معاملے پر ہنگامی اجلاس بلانے پر غور کر رہے ہیں۔









