لاہور سمیت پنجاب بھر میں پیٹرول قلت کا خدشہ، آئل ڈپوز پر چھاپوں سے سپلائی متاثر

لاہور (ویب ڈیسک): صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ پٹرول پمپس ذرائع کے مطابق کسٹمز اور ایف آئی اے کی ٹیموں کی جانب سے مختلف آئل ڈپوز پر چھاپوں اور اسٹاک چیکنگ کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اسٹاک کی جانچ پڑتال کے باعث آئل ٹینکرز کی روانگی میں تاخیر ہوئی، جس کے نتیجے میں لاہور سمیت مختلف علاقوں میں متعدد پیٹرول پمپس کو آج سپلائی نہیں مل سکی۔ پیٹرول پمپس ذرائع کے مطابق شہر کے درجنوں پٹرول پمپس پر صرف آج کے لیے دستیاب تیل کا ذخیرہ باقی رہ گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق محمود کوٹ اور گھٹی آئل ڈپوز سے آج ایک بھی آئل ٹینکر روانہ نہیں ہوا۔ یہ دونوں ڈپوز معمول کے مطابق روزانہ ڈیڑھ سو سے زائد آئل ٹینکرز مختلف پیٹرول پمپس کے لیے روانہ کرتے ہیں، تاہم صبح سے اب تک کسی بھی پیٹرول پمپ پر ان ڈپوز سے ایک بھی ٹینکر نہیں پہنچا۔

دوسری جانب پیٹرول پمپس ذرائع کا کہنا ہے کہ آج متوقع طور پر پٹرول کی قیمت میں کمی کے باعث بھی متعدد پٹرول پمپ مالکان نے معمول سے کم مقدار میں تیل منگوایا تھا، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے۔ اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں پمپس پر پیٹرول کی دستیابی متاثر ہو سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں