خیبر پختون خوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 7 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ کارروائی کے دوران پاک فوج کے ایک افسر کیپٹن حمزہ اکرام شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اگست کو دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ہنگو میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرام اپنے دستے کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور دہشت گردوں کا تعاقب کرتے ہوئے شہید ہو گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ وہ متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں اور شہریوں کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس (سینیٹائزیشن) آپریشن جاری ہے اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں قومی سلامتی اور امن کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔









