کراچی میں نوجوان میر رضا کی قبر کشائی کے بعد پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا، جبکہ لاش سے حاصل کیے گئے مختلف نمونے مزید کیمیائی تجزیے کے لیے لیبارٹری بھیج دیے گئے۔
طارق روڈ پر واقع سوسائٹی قبرستان میں ہونے والی کارروائی کے دوران میڈیکل بورڈ کے تمام ارکان موجود تھے۔ اس موقع پر میر رضا کے اہلِ خانہ اور ان کے وکیل جبران ناصر بھی قبرستان میں موجود رہے۔
میڈیکل بورڈ کے ایک رکن کے مطابق پوسٹ مارٹم کے دوران مختلف فرانزک نمونے حاصل کیے گئے ہیں، جنہیں کیمیائی تجزیے کے لیے متعلقہ لیبارٹری روانہ کر دیا گیا ہے۔ ان رپورٹس کی روشنی میں مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔
بعد ازاں میر رضا کے والد میر حسین نے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ وہ قبر کشائی کے عمل سے مطمئن ہیں اور امید کرتے ہیں کہ اس مرتبہ تمام کارروائی شفاف انداز میں مکمل ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک آڈیو ان کے بیٹے کی نہیں ہے بلکہ کیس کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ میر رضا کی قبر کشائی ایک روز قبل ہونا تھی، تاہم انتظامی وجوہات کے باعث اسے مؤخر کر دیا گیا تھا۔









