راولپنڈی میں شادی کا جھانسہ دے کر بنکاک سے پاکستان لائی گئی خاتون سے مبینہ زیادتی کے الزام میں پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی مدعیت میں تھانہ روات میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خاتون کی دو سال قبل بنکاک میں ملزم سے ملاقات ہوئی، جو بعد ازاں دوستی میں تبدیل ہوگئی۔
درج مقدمے کے مطابق تقریباً چار ماہ قبل خاتون نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کرائے کے ایک فلیٹ میں منتقل ہوئیں، جہاں ملزم نے مبینہ طور پر متعدد بار زیادتی کی۔ خاتون کا الزام ہے کہ جب بھی شادی کا مطالبہ کیا گیا، ملزم مختلف بہانے بنا کر ٹالتا رہا۔
ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ ملزم انہیں فلیٹ سے باہر جانے کی اجازت نہیں دیتا تھا، تشدد کا نشانہ بھی بنایا اور جاتے وقت ان کی رقم بھی ساتھ لے گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ کیس کی مزید تفتیش ایس ایس آئی او یونٹ کے سپرد کر دی گئی ہے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور الزامات کا فیصلہ عدالت میں پیش کیے جانے والے شواہد کی بنیاد پر ہوگا۔









